کمالیہ(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی کی زیر صدارت عیدالاضحی صفائی آپریشن کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آفیسر علی رضا، تحصیل منیجر ستھرا پنجاب ذیشان، ایڈمن آفیسر جبران علی، منیجر آپریشن عزیر شاہ، پراجیکٹ منیجر مدثر احسان سمیت تحصیل بھر کے میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے عیدالاضحی کے دوران صفائی ستھرائی کے جامع انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحصیل بھر میں عید صفائی آپریشن کے لیے 685 ورکرز اور ڈرائیورز فرائض سرانجام دیں گے جبکہ 208 گاڑیاں اور بھاری مشینری آپریشن میں استعمال کی جائے گی۔ ان میں کمپیکٹرز، ڈمپرز، ٹریکٹر لوڈرز، ٹریکٹر ٹرالیاں، لوڈر رکشے اور دیگر ضروری مشینری شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ اور ماحول دوست انداز میں تلف کرنے کے لیے 8 ٹرنچز تیار کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے 19 کیمپس، 4 ٹی سی پیز اور 8 کولیکشن پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ مزید برآں عوام میں تقسیم کے لیے 35 ہزار خصوصی بیگز اور 25 من چونے کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عید کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے میڈیا نمائندگان پر زور دیا کہ وہ عید صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور عوام میں صفائی آگاہی کو فروغ دیں۔




