فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سیوریج کی معیاری سروسز کی فراہمی کے مشن کے تحت واسا فیصل آباد کے زیراہتمام ساڑھے 12 ارب روپے سے پنجاب ڈو یلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے جس کے پہلے مرحلہ میں 30جون تک انتہائی اہم (کریٹیکل) پوائنٹس پر نکا سی آب کا مسئلہ حل جبکہ سیوریج و ڈر ینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ15جون تک مکمل کی جائیگی ۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کرکے پی ڈی پی کے تحت پراجیکٹس پر عملدرآ مد بارے بریفنگ لی۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے پی ڈی پی،فارن فنڈڈ پراجیکٹس،ڈی سلٹنگ مہم سمیت دیگر اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر نے کہا کہ جو ترقیاتی سکیم جس جگہ سے مکمل ہو اس روڈ کو فوری بحال کیا جائے۔انہوں نے واسا کو جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور واسا کوآرڈینیشن مزید موثر بنائے۔




