فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے قبل تمام چیمبر آف کامرس کے صدور اور ملک کی بڑی تاجر تنظیموں کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیں تاکہ بعد میں کوئی بدمزگی نہ ہو’ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں تاجروں کو ٹیکسوں میں خصوصی ریلیف دیا جائے ‘ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے گروپ لیڈر رانا محمد سکندراعظم خاں’ صدر چوہدری عاصم حبیب سپرائ’ سابق صدر چوہدری حبیب الرحمن گل’ چیئرمین چوہدری مقصود جٹ’ وائس چیئرمین رانا فخر حیات خان’ سرپرست اعلیٰ چوہدری امانت علی’ جنرل سیکرٹری محمد اویس اقبال’ سابق جنرل سیکرٹری ملک محمد علی’ فنانس سیکرٹری ملک وقاص احمد و دیگر مقررین نے ماہانہ اجلاس کے شرکاء سے کیا’ اجلاس میں ایگزیکٹو ممبران میاں نزاکت علی’ رانا طاہر شہزاد’ ملک اعجاز احمد’ خرم شہزاد’ محمد علی ڈوگر’ رانا طارق عزیز’ محمد فاروق گل’ چوہدری آصف حبیب کے علاوہ ایسوسی ایشن کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ ‘ مقررین نے کہا کہ ملک میں ٹیکسوں کی بھرمار، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور بے پناہ اضافے نے تاجروں سمیت عام آدمی کا جینا بھی انتہائی محال کر دیا ہے، موجودہ سنگین معاشی حالات اور کمرشل ٹیرف میں یکمشت اضافے کی وجہ سے کاروباری طبقہ شدید ترین بحران کا شکار ہو چکا ہے اور اب تاجروں کے لئے دکانیں کھلی رکھنا، مارکیٹوں کو آباد رکھنا اور کاروبار چلانا بالکل ناممکن ہو چکا ہے، مٹھی بھر رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے اور معیشت کا پہیہ جام کرنے کے بجائے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور تاجر دوست معاشی پالیسیاں وضع کرے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجٹ کی حتمی منظوری سے قبل ملک بھر کی تاجر برادری کے جائز مطالبات اور تجاویز کو شامل بجٹ کر کے انہیں مکمل طور پر اعتماد میں لیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو تحفظ مل سکے اور ملکی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے’ مقررین نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم کی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر لائی جائیں تاکہ مہنگائی کے جن کو قابو کیا جا سکے’ اس موقع پر گروپ لیڈر و چیمبر آف کامرس کے سابق صدر رانا محمد سکندراعظم خاںنے ایسوسی ایشن کے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ پہلی فرصت میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبر بنیں اور چیمبر آف کامرس کی مختلف محکموںسے کئے گئے ایم او یو سے فائدہ اٹھائیں’ انہوں نے ممبران سے کہا کہ چیمبر آف کامرس میں ہماری ایسوسی ایشن کے جتنے زیادہ ممبر ہوں گے اسی قدر ہماری طاقت میں اضافہ ہو گا ‘ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری ایسوسی ایشن کو اعزاز حاصل ہے کہ چیمبر آف کامرس کی صدر ہماری ایسوسی ایشن سے رہا ہے’ آج بھی ہماری ایسوسی ایشن کا ممبر چیمبرآف کامرس کا ایگزیکٹو ممبر ہے’ انشاء اللہ آنے والے وقت میں بھی ہماری ایسوسی ایشن سے کوئی صدر’ سینئر نائب صدر ‘ نائب صدر یا ایگزیکٹو ممبر بنے گا’ یہ اسی وقت ہو گا جب ہمارے ممبران کی تعداد زیادہ سے زیادہ ہو گی’انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کا ممبر بننا کسی اعزاز سے کم نہیں’ چیمبر کا ممبربننے کے کئی ایک فوائد ہیں’سکولوں’ کالجوں’ یونیورسٹیوں’ ایئرلائنز’ ریلویز’ مہنگے ترین ہسپتالوں سے اچھا خاصا ریلیف لے سکتے ہیں۔




