لاہور(بیوروچیف)عید کے موقع پر عیدی لینے والے پولیس اہل کاروں کے خلاف بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے فیلڈ افسران کو پہلے ہی کسی بھی غیر قانونی عمل سے باز رہنے کی سخت ہدایت جاری کی تھی، تاہم شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے عیدی کے نام پر پیسے مانگنے کا انکشاف سامنے آیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ڈی پی او اسلام پورہ کو انکوائری مارک کی، جس میں شکایت درست ثابت ہونے پر متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ نمبر 2548/26درج کر لیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں 1186/26درج کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں کے خلاف دفعہ 155-Cاور گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ عوام سے پیسے مانگ کر محکمہ پولیس کی ساکھ خراب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بھکاریوں اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ فورس کا نام خراب کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔




