فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مقدمہ بازی کی بناء پر مسلح افراد نے گولیاں مار کر مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ پنجاب ہائوسنگ کالونی کے رہائشی عنصر جمیل باجوہ نے بتایا کہ ان کی ملزمان اﷲ دتہ’ شاہ زیب وغیرہ سے پرانی مقدمہ بازی آ رہی تھی، گزشتہ روز اس کا 45سالہ بھائی محمد اقدس مکہ سپرمارکیٹ ملکھانوالہ میں اپنے پراپرٹی کے دفتر کے باہر موجود تھا اور قربانی کے جانوروں کو دیکھ رہا تھا کہ اس دوران گاڑیوں پر سوار اﷲ دتہ وغیرہ آ گئے اور آتے ہی فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے محمد اقدس بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو حملہ آور ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ تاہم تھانہ صدر پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔




