فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ سمن آباد انسپکٹر طالش عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں توڑ پھوڑ کرنے’ ہوائی فائرنگ کر کے دہشت پھیلانے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سمن آباد نے بتایا کہ 24مئی کو تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ 230 رب میں لڑائی جھگڑے کرنیوالے خالد علی وغیرہ میڈیکولیگل لینے آئے تو اس دوران مخالف پارٹی کے کار سوار مجاہد ریاض’ شاہد ریاض’ بابر’ اکمل وغیرہ ہسپتال داخل ہوئے اور آتے ہی کار سرکار میں مزاحمت کرتے زبردستی اسلحہ کے زور پر توڑ پھوڑ اور فائرنگ کر دی۔ جسکی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین میں خوف وہراس پھیل گیا اور ملزمان نے عوام پر بھی سیدھی فائرنگ کی۔ سکیورٹی پر مامور عملہ اور لوگوں نے بڑی مشکل سے چھپ کر جان بچائی اور ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔ سمن آباد پولیس نے دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ سمن آباد طالش عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپے مار کر ہسپتال میں توڑ پھوڑ اور خوف وہراس پھیلانے والے ملزمان دو بھائیوں مجاہد ریاض’ شاہد ریاض کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔




