تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے پر نمایاں پیشرفت

تربیلا (نامہ نگار) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعیدنے تربیلا ڈیم کا دورہ کیا اور پانچویں توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا ، چوتھے توسیعی منصوبے کی لو لیول آؤٹ لٹ کی ٹیسٹنگ کا بھی مشاہدہ کیا جبکہ چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ حکام نے بتایاہے کہ تربیلا ڈیم گزشتہ 50 سال میں ذخیرہ کیا گیا 419 ملین ایکڑ فٹ پانی زرعی مقاصد کیلئے فراہم کر چکا، نیشنل گرڈ کو 586 ارب یونٹ سستی بجلی بھی فراہم کی.تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے بھی نیشنل گرڈ کو 33 ارب یونٹ بجلی فراہم کی جا چکی تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) نے گزشتہ روز تربیلا ڈیم کا دورہ کیا۔چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا، تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی لو لیول آؤٹ لٹ Low Level Outlet کی ٹیسٹنگ اور کمیشننگ کا مشاہدہ کیا۔ چیئرمین ارسا امجد سعید، ارسا کی تکنیکی کمیٹی کے ارکان، ممبر واٹر واپڈا اور ممبر پاور واپڈا بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کے دورے پر چیئرمین واپڈا کو اہم سائٹس پر پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی۔ ان سائٹس میں ان ٹیک سٹرکچر، کنیکٹنگ ٹنل، پاور ہاؤس، ٹیل ریس اور سوئچ یارڈ شامل ہیں۔ پراجیکٹ کی تمام اہم سائٹس پر تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کے لئے بھرپورکوششیں جاری ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کی تعریف کی اور انہیں ہدایت کی کہ تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں تاکہ منصوبہ مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جا سکے۔ایک ہزار 530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا پانچواں توسیعی منصوبہ ورلڈ بنک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی فنڈنگ سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ بنک منصوبے کیلئے 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کررہا ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہوجائیگی۔تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دورے میں چیئرمین نے پراجیکٹ کی لو لیول آؤٹ لٹ کی ٹیسٹ کمیشننگ کا مشاہدہ کیا۔ ایل ایل او کی کمیشننگ خریف کے موسم میں ارسا انڈنٹ کے مطابق صوبوں کو پانی کی فراہمی کیلئے بہت ضروری ہے،چوتھے توسیعی منصوبے کے مشین ہال اور کنٹرول روم کے دورے پر چیئرمین کو بتایا گیا کہ ورلڈ بنک کی فنڈنگ سے مکمل ہونے والے اس منصوبے سے مارچ 2018 میں بجلی کی پیداوار شروع ہوئی، اور یہ منصوبہ اب تک نیشنل گرڈ کو 33 ارب 25 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کرچکا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین واپڈا کو تربیلا ڈیم اور خانپور ڈیم کے آپریشن اور میٹننس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ تربیلا ڈیم اب تک چاروں صوبوں کو زرعی مقاصد کیلئے ذخیرہ کئے گئے پانی سے مجموعی طور پر 419 ملین ایکڑ فٹ پانی اور نیشنل گرڈ کو 586 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرچکاہے۔ تربیلا ڈیم 1974 سیاپنے آپریشن کے دوران اب تک پاکستان کی اقتصادیات کو 460 ارب ڈالر کا فائدہ پہنچا چکا ہے۔چیئرمین واپڈا کے تربیلا ڈیم کے دورے کے موقع پر جنرل منیجر تربیلا ڈیم، جنرل منیجر پاور تربیلا، جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، ایڈوائزر پراجیکٹس واپڈا ، چوتھے اور پانچویں توسیعی منصوبے کے ایڈوائزر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں