فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ ریلوے کالونی میں معمولی جھگڑے پر مشتعل نوجوان نے چھریوں کے وار کر کے دوست کو قتل اور اس کے دو بھتیجوں کو لہولہان کر دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری جبکہ زخمی بھائیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریلوے کالونی کے رہائشی عمران ولد یعقوب مسیح اور ملزم کاشف عرف کاشی ولد صدیق دوست تھے، گزشتہ دنوں ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تو کاشف عرف کاشی رات کو سیڑھی لگا کر عمران کے گھر داخل ہوا اور چھریوں کے وار کر کے بری طرح زخمی کر دیا۔ عمران کی چیخ وپکار پر اس کے بھتیجے آکاش اور ارباز پسران رئوف موقع پر پہنچے تو ملزم نے ان کو بھی چھریوں کے وار کر کے بری طرح لہولہان کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔ مضروبان کو ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ عمران ولد یعقوب مسیح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ تاہم پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے۔ا




