حج سیزن میں بہترین انتظامات پر مبارکباد

مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک)مسجدالحرام اور مسجد نبوی مذہبی امور کے سربراہ، شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم،شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو حج سیزن 1447 ہجری کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے حج کے دوران فراہم کردہ بہترین اور مربوط خدمات کو سراہا، جن کی بدولت دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین نے انتہائی سکون، آسانی اور اطمینان کے ساتھ اپنے مناسکِ حج ادا کیے۔شیخ السدیس نے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز کو بھی خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے سپریم حج کمیٹی، تمام سکیورٹی اداروں اور سروس ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی، جن کے بہترین تال میل اور اعلی سطح کے نظم و ضبط کی وجہ سے رواں حج سیزن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔اس کے ساتھ ہی شیخ السدیس نے مکہ مکرمہ کے گورنر اور حج و عمرہ کی مستقل کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد بن فیصل بن عبدالعزیز اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کو حج سیزن کی کامیابی پر تہنیتی پیغامات بھیجے۔انہوں نے حرمین شریفین اور حج کے پورے نظام کے لیے قیادت کی مسلسل سرپرستی کو اس غیر معمولی کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔انہوں نے مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن نہار بن سعود بن عبدالعزیز کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے، مسجد نبوی اور اس کے زائرین کی خدمت کے لیے ان کی مسلسل نگرانی اور گہری دلچسپی کو سراہا۔شیخ السدیس نے اس بات پر زور دیا کہ حج سیزن کی یہ کامیابی اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں مملکتِ سعودی عرب کی عالمی قیادت اور حرمین شریفین کے زائرین کے لیے اس کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی خادم الحرمین الشریفین، ولی عہد اور تمام متعلقہ شہزادوں کو ان کی مخلصانہ خدمات کا بہترین صلہ عطا فرمائے اور مملکت کو ہمیشہ امن، استحکام اور خوشحالی سے نوازے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں