2027ء تاریخ کا گرم ترین سال ثابت ہوگا

لاہور(بیورو چیف)عالمی موسمیاتی ادارے نے خبردارکیا ہے کہ 2026ء کے اختتام پرال نینوسسٹم دوبارہ شدت اختیارکرسکتا ہے جبکہ2027ء انسانی تاریخ کا سب سے زیادہ گرم سال ثابت ہوسکتا ہے۔اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی تازہ رپورٹ نے عالمی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے متعلق خطرے کی نئی گھنٹی بجا دی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 2026ء سے 2030ء کے درمیان زمین کا اوسط درجہ حرارت مسلسل بلند رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران ایک ایسا سال بھی آسکتا ہے جوگزشتہ تمام گرمی کے ریکارڈ توڑ دے،رپورٹ میں امکان ظاہرکیاگیا ہے کہ 2027ء اس فہرست میں سرفہرست ہو سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق صنعتی دورسے پہلے کے مقابلے میں عالمی درجہ حرارت خطرناک حد 1.5ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپرجانے کے امکانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں،یہی وہ حدہے جسے دنیا نے پیرس ماحولیاتی معاہدے میں موسمی تباہی سے بچنے کے لیے اہم قرار دیا تھا۔رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ گزشتہ برسوں میں زمین مسلسل گرم ہوتی جا رہی ہے اور 2015ء کے بعد سے اب تک تقریباً تمام سال شدید ترین گرمی کے ریکارڈ میں شامل ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں 86فیصد امکان موجود ہے کہ کوئی ایک سال 2024ء کوبھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ماہرین نے خبردارکیا ہے کہ 2026ء کے اختتام پرال نینو سسٹم دوبارہ شدت اختیارکرسکتا ہے جس کے اثرات 2027ء میں پوری دنیا کو شدید گرمی،طوفانوں، خشک سالی اور غیر متوقع بارشوں کی صورت میں متاثر کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں