عید الاضحی کے بعد تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن،دکانوں کے باہر پڑا سامان ضبط،شاپس سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے عیدالاضحی کی چھٹیوں کے بعد تجاوزات کے خلاف دوبارہ کریک ڈائون کر دیا’ چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ جھنگ بازار’ بھوآنہ بازار’ پرانی انار کلی’ جڑانوالہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں دکانوں کے باہر پڑے ہوئے سامان کو ضبط اور متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔ کمشنر مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے عید کی چھٹیوں کے بعد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ مختلف بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے دکانوں کے باہر پڑے ہوئے سامان کو قبضہ میں لے لیا اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے راستے کلیئر کروا دیئے۔ جڑانوالہ روڈ پر ڈھڈی والا میں بھی کریک ڈائون کرتے ہوئے دکانوں کے باہر سامان اٹھوا دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے اور انہوں نے تاجروں کو تنبیہ کی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں، فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے خالی کر دیں جبکہ دیگر علاقوں میں ریڑھی چھابڑی والے اپنی حدود میں رہیں، اگرکسی کی ریڑھی سڑک پر نظر آئی تو ان کے خلاف بھی سخت ایکشن ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں