فیصل آباد میں ڈکیتی،چوری کی35سنگین وارداتیں،مزاحمت پر شہری لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈاکوئوں اور چوروں کی آماجگاہ بن گیا’ آج پھر مزید 35 وارداتوں کے دوران لاکھوں کا مال واسباب لوٹ لیا گیا’ مزاحمت پر شہری کو گولی مار کر لہولہان کر دیا’ متعدد شہریوں کی موٹرسائیکلیں اور رکشے چور لے اُڑے جبکہ اوباش نوجوان کی لڑکی سے زیادتی’ 5 خواتین اور 4نوجوانوں کو اغواء کر لیا گیا’ پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق چک جھمرہ کے علاقہ 191 رب کی شہناز بی بی نے بتایا کہ اوباش ملزم ثقلین نے اسکی جواں سالہ لڑکی (ع) کو ہوس کا نشانہ بنا ڈالا’ ساندل بار کے علاقہ 59 ج ب کے رہائشی پیراں دتہ کی بیٹی (ش) کو نامعلوم ملزمان’ تھانہ صدر کے علاقہ الٰہی آباد کی سعدیہ بی بی کی بیٹی (م) کو ملزمان متین وغیرہ’ بٹالہ کالونی کے علاقہ ذوالفقار کالونی کے شیراز علی کی بیٹی (ح) کو نامعلوم ملزمان’ تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ 241 رب کے علی شیر کی بیٹی (ن) کو نامعلوم ملزمان’ قصبہ تاندلیانوالہ کے تفسیر حسین کی بیٹی (ر) کو ملزم عرفان نے اغواء کر لیا’ جبکہ صدر کے علاقہ 228 رب کی معراج بی بی کا بیٹا عبدالجبار’ جڑانوالہ کے علاقہ 353 گ ب کے صفدر علی کا بیٹا’ غلام محمد آباد کے علاقہ رسول پورہ کے شکیل کا بھائی اور منصورآباد کے علاقہ داتا پارک کے سمیع اﷲ کا بھائی گھر سے سودا سلف لینے نکلے’ واپس نہ آئے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ جبکہ اتھرے ڈاکوئوں نے 463 گ ب کے قریب شہری معاذ سے نقدی’ فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سیف آباد کے اعجاز احمد سے جھپٹا مار کر قیمتی فون چھین لیا’ نصیرآباد کے محمد جاوید کے گودام سے 70ہزار کی تانبا کی تاریں چوری’ راجباہ روڈ پر ناصر علی سے 14ہزار 5سو روپے’ فون’ رضاآباد ٹائیلاں والا قبرستان کے قریب روحیل سے سوا لاکھ روپے’ کلائی گھڑی اور طلائی انگوٹھی چھین لی’ سرگودھاروڈ پر جمشید خالد کی دکان سے قیمتی سامان چور لے اُڑے’ نورپورہ میں طاہر کی کباڑ کی دکان کے تالے توڑ کر بھاری مالیت کا سامان چور لے گئے’ گلستان کالونی میں حمزہ کے گھر سے 7لاکھ کے زیورات ،نقدی اور قیمتی سامان چوری، 275ج ب کے اسامہ سے ڈیڑھ لاکھ روپے وفون، 80ج ب کے مشکور حسین سے2لاکھ وفون چھین لیا، ڈی ٹائپ کالونی فوجی چوک کے قریب صداقت سے لیپ ٹاپ’ نقدی وفون چھین لیا، 243ر۔ب کے نذیر احمد کے مویشی چوری، 238ج ب کی معراج بی بی کی حویلی سے لاکھوں کے مویشی، 240ر۔ب کے وارث علی کے ڈیرہ سے پیٹر انجن چوری، سمن آباد کے قریب سلیمان سے موٹرسائیکل’ نقدی و فون، سمن آباد کے بلال سے5ہزار وفون چھین لیا، ریڈکس روڈ پر ارسلان سے جھپٹا مارکر فون، ڈجکوٹ کے سعید اختر سے 60ہزار وفون چھین لیا، سبزی منڈی سیم پل کے قریب مجاہد علی سے 30ہزار وفون، جڑانوالہ الرحمن میرج ہال میں گوہر سے 95ہزار وفون، 34گ ب کے اویس کے ڈیرہ سے 21من گندم چوری، 229ر۔ب کے صوبہ کے گھر سے زیورات’ نقدی چوری، 76ر۔ب کے عبدالرشید کے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں کے زیورات’ نقدی وقیمتی سامان، 439گ ب کے قریب غلام مصطفی سے دو لاکھ75ہزار اور فون چھین لیا اور دیگر وارداتوں میں بھی لاکھوں کا مال واسباب لوٹ لیا گیا۔ علاوہ ازیں باغ جناح سے نزاکت علی، گٹ والا پارک سے زبیر علی، ملت ٹائون کے اویس،57ج ب کے عمران علی، سدھار بائی پاس کے اویس طاہر، 198ر۔ب کے شیر خان،241ر۔ب کے فیض فرید، واٹر ورکس جڑانوالہ سے مبین اور دیگر کی موٹر سائیکلیں اور رکشے چور لے اڑے۔ پولیس شہر بھر کی ناکہ بندیوں کے باوجود چوروں اور ڈاکوئوں کے گروہوں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں