لاہور (بیورو چیف) محکمہ ہائرایجوکیشن نے سرکاری کالجوں میں 9ہزار سے زائد عارضی اساتذہ کی بھرتی کے معاملے پر بھرتی پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ۔نئی پالیسی کے تحت عارضی اساتذہ کے معاوضے میں اضافہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عارضی اساتذہ کا ماہانہ معاوضہ 50ہزار روپے سے بڑھا کر 65ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریجوایٹ اور ایسوسی ایٹ کالجوں میں بھرتیاں 9، 9ماہ کی مدت کے لیے کی جائیں گی۔اس سے قبل گریجوایٹ کالجوں میں 10ماہ اور ایسوسی ایٹ کالجوں میں 6ماہ کے لیے عارضی اساتذہ کی تقرریاں کی جاتی تھیں تاہم نئی پالیسی کے تحت دونوں کیٹیگریز کے لیے مدتِ ملازمت یکساں رکھی جائے گی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق بھرتیوں کی حتمی منظوری وزیراعلی پنجاب مریم نواز دیں گی۔ اس سلسلے میں ڈی پی آئی کالجز نے تمام کالج پرنسپلز سے عارضی اساتذہ کی ضرورت اور طلب (ڈیمانڈ)طلب کر لی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کالجوں سے موصول ہونے والی ڈیمانڈ کی بنیاد پر سی ٹی آئیز کی بھرتی کے لیے درکار بجٹ حکومت کو بھجوایا جائے گا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن یکم ستمبر سے عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے آن لائن پورٹل کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔




