فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 422 درخواست گزاروں کو مختلف نوعیت کے امور میں ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 25 درخواستیں متعلقہ شعبوں میں زیر کارروائی ہیں۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کی جس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹرز ٹان پلاننگ اسما محسن، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی / انچارج ون ونڈو کائونٹر عبداللہ نور اور دیگر افسران موجود تھے. اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری سے ماہ مئی 2026 کے دوران شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلق 310، ٹان پلاننگ ون کی 41، ٹان پلاننگ ٹو کی 52 جبکہ کچی آبادیوں سے متعلق 19 درخواستوں کو نمٹایا گیا جن میں جائیدادوں کی منتقلی، مختلف این او سی کے اجرا، بلڈنگ پلانز کی منظوری، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس و ٹائون پلاننگ رپورٹس کے اجرا، جائیدادوں کی کمرشلائزیشن، وراثتی انتقالات، عدالتی ڈگریوں کی تعمیل و دیگر دفتری معاملات میں ریلیف فراہمی شامل ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ون ونڈو کائونٹر پر موصول ہونے والی درخواستوں کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التوا درخواستوں کو مقررہ مدت میں نمٹانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں اور درخواست گزاروں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کائونٹر کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تیز رفتار، شفاف اور سہل خدمات فراہم کرنا ہے، جس کے لئے تمام شعبے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف دفتری امور میں شفافیت اور تیزی آئے گی بلکہ درخواستوں کی مانیٹرنگ اور بروقت تکمیل بھی ممکن ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی سہولت اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا۔




