فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کوتوالی پولیس نے سی پی او آفس کے سامنے فائرنگ کر کے مخالفین کو زخمی کرنیوالے دہشت گردی اور اقدام قتل کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث دو پارٹیاں تاریخ پیشی پر سیشن کورٹ آئے تھے کہ جب صفدر اور محمد عمر سی پی او آفس کے سامنے پہنچے تو مخالفین عدنان وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالفین صفدر اور محمد عمر کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ فائرنگ سے تاریخی پیشی پر آئے سائلین میں بھگدڑ مچ گئی، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، سکیورٹی پر مامور عملہ نے ایک ملزم عدنان کو موقع سے گرفتار کر لیا تھا۔ کوتوالی پولیس نے دہشت گردی واقدام قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت 12نامزد جن میں میاں عدنان’ رضوان’ وقاص’ میاں عثمان’ محمد ارشد’ شان ڈوگر’ ذیشان ڈوگر’ گلزار صابر’ گوہر’ رائو فرحان’ ابرار اور عمر عرف عارف سمیت 8نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او کوتوالی ارسلان باری نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دوسرے ملزم وقاص کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔




