فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جڑانوالہ کے علاقہ 381 گ ب میں زیرتعمیر گھر کی چھت گرنے سے ماں بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ہر آنکھ اشکبار’ جبکہ علاقہ کی فضاء سوگوار ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 381 گ ب کا رہائشی ملازم حسین پرانے تعمیر شدہ مکان کی بالائی منزل پر کمرہ تعمیر کروا رہا تھا، اس کے اہل خانہ نیچے کمرہ میں موجود تھے کہ اچانک دیوار پرانے کمرہ کی ٹی آر گارڈر کی بنی چھت پر گری تو مذکورہ چھت زمین بوس ہو گئی اور کمرہ میں موجود اسکی 22سالہ اہلیہ سعدیہ بی بی’ ایک سالہ بیٹا علی حسن اور اسکی ہمشیرہ 22سالہ ریحانہزوجہ طارق ملبے تلے دب گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے ماں بیٹے اور خاتون کو باہر نکالا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے۔ تینوں کی موت کی خبر سن کر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ ریسکیو1122 نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں جبکہ گائوں میں فضاء سوگوار ہو گئی۔




