مٹی کے طوفان سے تباہی،9افراد جاں بحق

نواب شاہ (نامہ نگار) سندھ میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 9افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق نواب شاہ میں 4،ایک دادو اور 4افراد قاضی احمد میں جاں بحق ہوئے، صوبہ بھر میں طوفان اور تیزبارشوں سے 210افراد زخمی بھی ہوئے۔میہڑ اور گردونواح میں طوفانی ہوائوں اور بارش نے تباہی مچادی، گھروں کی چھتیں، دیواریں اور سولر پلیٹیں گرنے کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائدزخمی ہوگئے۔مٹی کے شدید طوفان اور موسلا دھار بارش کے باعث مواصلاتی اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، سکھر اور گردونواح میں حدِ نگاہ انتہائی متاثر ہوئی جبکہ سیپکو ریجن کے 60سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے وسیع علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔کشمور اور کندھ کوٹ میں بھی تیز ہوائوں اور طوفانی بارش کی وجہ سے شہریوں کی سولر پلیٹیں اڑ گئیں اور کئی گھروں کی چھتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں