ملک وقوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں

چلاس /دیامیر (نمائندگان) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ انشااللہ عوام کی طاقت سے جی بی میں اپنی قوت دکھا کر جیالا وزیراعظم منتخب کریں گے،کہا جاتا ہے شہباز شریف نے لاہور میں شہباز سپیڈ سے کام کیا ہے تو اب ڈیم کے لئے اپنی سپیڈ دکھائے،ملک کو پی پی پی کی حکومت کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتی ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کے روز ضلع دیامیر کی تحصیل چلاس میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک با رپھر دیامیر آئے ہیں،گزشتہ مرتبہ بھی انتخابات کے موقع پر آیا تھا،گزشتہ انتخابات میں ہم سے 9سیٹیں چھینی تھیں،اب استقبال کے لئے عوام کا شکریہ،حالات بدلے ہوئے ہیں،کچھ لوگ کوشش کر رہے ہیں وہ غریب دشمن سیاست اور منشور رکھتے ہیں لیکن پاکستان پیپلزپارٹی صرف عوام کی طرف دیکھتی ہے اور انشااللہ عوام کی طاقت سے جی بی میں اپنی قوت دکھا کر جیالا وزیراعظم منتخب کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر پر مہر لگائیں اور میں آپ کیلئے حکومت بنائوں گا، ہمارا تین نسلوں کا ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ آپ نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دے کر اپنی قسمت بدلی اور ایف آر سی کاخاتمہ ہوا۔ انہوںنے کہاکہ قائد عوام اس ملک کے پسماندہ طبقہ کا نمائندہ تھا،آپ کو زمینوں کا مالک بنایا، روزگار کے مواقع دیئے اور معاشی ترقی دی۔ ذوالفقار علی بھٹو کو جب شہید کیا گیا تو آمرانہ قوتیں سوچ رہی تھیں کہ جی بی کے مزدور کسان اور نوجوان لاوارث ہو جائیں گے،یہ ان کی بھول تھی اور ایک نہتی لڑکی نے 30سال جدوجہد کی،بی بی کے بارے مشہور نعرہ تھا، ”بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی”، سازشیوں نے انہیں شہید کر دیا لیکن صدر زرداری اس جدوجہد کا پرچم تھام لیا۔ 1973کے آئین کو اٹھارہویں ترمیم سے بحال کیا،صدر زرداری نے بی آئی ایس پی کی صورت میں روٹی، کپڑا اور مکان پر عملدرآمد کیا۔ ہم اگلے بجٹ میں بی آئی ایس پی میں اضافہ کریں گے۔ صدر زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی اور گوادر چین کو دے کر معاشی ترقی کی راہیں کھول دی، اب جو بھی ترقی ہو رہی ہے وہ صدرزرداری کی اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی کی وجہ سے صدر زرداری نے جی بی کو نام دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم مکمل نہیں ہوا تو اس لئے کہ 2013میں صدر زرداری کی حکومت ایک این آراو انتخابات کی وجہ سے نہیں آنے دی گئی۔ صدر زرداری کے زمانے میں دیامیر بھاسا ڈیم پر کام ہوا اور اگر ان کی حکومت ہوتی تو یہ ڈیم مکمل ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جی بی میں حکومت بنا کر آپ کے مسائل حل کریںگے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پی ایس ڈی پی سے سب سے پہلے دیامیر بھاشا ڈیم پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آبی دہشتگردی کر رہا ہے اس لئے یہ ڈیم سب سے اہم ہوگیاہے۔انہوںنے کہاکہ کہا جاتا ہے کہ شہباز شریف نے لاہور میں شہباز سپیڈ سے کام کیا ہے تو اب اس ڈیم کے لئے اپنی سپیڈ دکھائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اگر آج مسلم دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے تو یہ بھی ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے کیونکہ انہوں نے جی بی میں کھڑے ہو کر ایٹمی قوت بننے کا اعلان کیا تھا، ایٹم بم کے بعد میزائل ٹیکنالوجی ہے جس کا سہرا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سر ہے، ان کا تحفہ ہے، آج ہم ان کی وجہ سے پاکستان کا دفاع کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں