فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حسیب شہید روڈ لاوارث ہو گیا’ کوئی پرسان حال نہ رہا’ علاقہ مکین سخت اذیت میں مبتلا’ ٹھیکیدار بجری ڈال کر غائب’ رہائشی عوامی نمائندوں’ حلقہ کے سابق ممبران اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈروں کے دفتروں کے چکر کاٹ کر مایوس ہوگئے’ کالونی کی مین سڑک کی تعمیر مسلسل تاخیر کا شکار’ خشک بجری سے اٹھنے والی دھول سے دونوں اطراف کے دکاندار سخت پریشان ہیں’ سڑک پر پڑے پتھر راہگیروں کو زخمی کر رہے ہیں’ لوگوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے لگیں’ کالونی کی اس مرکزی سڑک پر اہل علاقہ روزانہ صبح شام پانی کا چھڑکائو کرتے ہیں مگر دھول بیٹھنے کا نام نہیں لیتی’ سڑک کی تکمیل کے لئے بارہا رابطہ کرنے کے باوجود ٹھیکیدار کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی’ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کی تعمیر کیلئے فنڈز نہیں تھے تو سڑک کو پر بجری ڈال کر علاقہ مکینوں کو کیوں اذیت دی گئی’ علاقہ مکینوں کی ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری’ چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن عثمان غنی سے اپیل کی ہے کہ حسیب شہید کالونی کی مین سڑک کی تعمیر جلد مکمل کی جائے اور رہائشیوں کو اس اذیت سے نکالا جائے۔




