جڑانوالہ(نامہ نگار) ”جڑانوالہ کو ضلع بنائو” بار ایسوسی ایشن کے وکلا کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ،سابق صدور عبدالستار اقبال ایڈووکیٹ،رانا عتیق الرحمن ایڈووکیٹ کی ریکوزیشن کو ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کو ضلع بنائو کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے اس سلسلہ میں سابق صدور بار ایسوسی ایشن عبدالستار اقبال ایڈووکیٹ،رانا عتیق الرحمن ایڈووکیٹ کی ریکوزیشن پر ایگزیکیٹو کمیٹی ممبران بار ایسوسی کی میٹنگ صدر بار عارف خان ایڈووکیٹ منعقد ہوئی جس میں جنرل سیکرٹری مہر گلباز سلطان طارق لڑکا ایڈووکیٹ سمیت دیگر ممبران نے بھرپور شرکت کی اور متفقہ طور پر جڑانوالہ کو ضلع بنانے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا صدر بار عارف خان ایڈووکیٹ و دیگران نے کہا کہ جڑانوالہ تحصیل پنجاب کے کئی اضلاع سے بڑی تحصیل ہے اور اسکی آبادی بھی کئی اضلاع سے زیادہ ہے جبکہ جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ نہ ملنے کی وجہ سے روزانہ ہزاروں افراد کو اپنے امور کی ادائیگی کیلئے ضلعی ہیڈکوارٹر فیصل آباد آنا جانا پڑتا ہے جہاں متعلقہ افسران موجود نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ افراد کے کام نہ ہوتے ہیں اور شہریوں کو ذہنی کوفت سے دوچار ہونا پڑتا ہے جبکہ جڑانوالہ کو ابادی کے لحاظ سے ترقیاتی کاموں اور علاقائی تعمیر و ترقی کے کاموں کیلئے فنڈز بھی کم ملتے ہیں جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ نہ ملنے کی وجہ سے اہلیان جڑانوالہ کو دیگر مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا موجودہ صورتحال میں جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ نہ دینا اہلیان جڑانوالہ کیساتھ ناانصافی و زیادتی ہے وکلا برادری نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اہلیان جڑانوالہ کے دیرینہ مطالبہ پر جڑانوالہ کو ضلع بنایا جائے۔




