میکسیکو(سپورٹس نیوز)فیفا ورلڈکپ 2026کے آغاز کے ساتھ ہی ایک بار پھر عالمی فٹبال کی سب سے قیمتی ٹرافی توجہ کا مرکز بن گئی ہے،ورلڈکپ کی موجودہ ٹرافی 1974میں متعارف کرائی گئی تھی جسے اطالوی ڈیزائنر سلویو گازانیگا نے تیار کیا تھا،موجودہ ٹرافی 18 قیراط سونے سے بنی ہے، اس کا وزن تقریباً 6کلوگرام ہے اور اس کا 75فیصد حصہ سونے پر مشتمل ہے۔تفصیلات کے مطابق دنیا کی 48 ٹیموں کے درمیان فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کی ٹرافی جیتنے کیلئے جنگ کا آغاز ہوگیا ہے،اگلے ایک ماہ تک 48 ممالک کے 1248 کھلاڑی دنیائے کھیل کے اس سب سے بڑے انعام کو حاصل کرنے کا خواب دیکھیں گے،1930 سے 2022 یعنی 92 سال کے دوران 22 بار ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد ہوا اور 8 ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا، جن میں برازیل (5 بار)، جرمنی (4 بار)، اٹلی (4 بار)، ارجنٹینا (3 بار)، فرانس (2 بار)، یورو گوئے (2 بار)، انگلینڈ (ایک بار) اور اسپین (ایک بار) شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کو جیتنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی کا انعام دیا جاتا ہے جس کی تاریخ بھی اس ایونٹ جتنی پرانی ہے۔1930 سے 1938 کے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیموں کو جو ٹرافی دی گئی اسے فرانس کے ڈیزائنر Abel Lafleur نے ڈیزائن کیا تھا جسے چاندی سے تیار کیا گیا مگر وہ گولڈ پلیٹڈ تھی۔اس زمانے میں ٹرافی کو ایک یونانی دیوی کے نام پر وکٹری کہا جاتا تھا مگر پھر اس کا نام فیفا کے تیسرے صدر Jules Rimet پر رکھ دیا گیا جن کی جانب سے ورلڈکپ کا خیال پیش کیا گیا تھا۔1938 کے بعد دوسری جنگ عظیم کے باعث 12 سال تک عالمی ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوا اور 1950، 1954، 1958 اور 1962 میں Jules Rimet ٹرافی ٹیموں نے جیتی۔مگر برطانیہ میں ہونے والے 1966 کے ورلڈکپ کے آغاز سے قبل اس ٹرافی کو ایک عوامی نمائش کے دوران چوری کرلیا گیا جس کو بعد میں ڈھونڈ لیا گیا مگر پھر اس کی ایک نقل ضرور تیار کی گئی۔1970 میں آخری بار اسے برازیل کو مستقل طور پر دیا گیا۔مگر 1983 میں ایک بار پھر اصلی Jules Rimet ٹرافی کو چرا لیا گیا جو پھر کبھی نہیں مل سکی جس کے باعث برازیل کو اس کی نقل دی گئی جو اب اسی کے پاس ہے۔اب فیفا ورلڈکپ میں جو ٹرافی استعمال کی جاتی ہے وہ 1974 کے ورلڈکپ کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی۔اٹلی کے ڈیزائنر Silvio Gazzaniga نے اسے تیار کیا۔یہ ٹرافی 2038 کے ٹورنامنٹ تک ٹیموں کو دی جائے گی




