اسلام آباد(بیوروچیف) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایران اور امریکہ کے درمیان طویل عرصے سے جاری سفارتی ڈیڈ لاک کے خاتمے کو ایک تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی سال سے جاری جمود کو توڑنے کا اعزاز پاکستان کے نصیب میں آیا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سپیکر ایاز صادق نے امریکہ ، ایران معاہدے پر ایوان اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم اللہ تعالی کے حضور سجد شکر بجا لاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز تک لانے میں کامیاب ہوا، جس سے خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کی راہ ہموار ہوئی۔اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی دانشمند قومی و عسکری قیادت کی کاوشوں کے باعث پائیدار امن کی امید پیدا ہوئی اور دنیا ایک ممکنہ بڑے بین الاقوامی بحران سے بچ گئی۔ انہوں نے ایوان کی جانب سے محمد شہباز شریف کو ان کی زیرک اور معاملہ فہم سفارتی کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ محمد اسحاق ڈار نے مذاکرات کو ممکن بنانے میں بے مثال سفارت کاری کا مظاہرہ کیا، جبکہ سید عاصم منیر کی انتھک محنت بھی لائقِ تحسین ہے۔ اسپیکر نے محسن نقوی کی مسلسل رابطہ کاری اور عاصم ملک کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔انہوں نے وفاقی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی خدمات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی کاوشوں پر شکر گزار ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے امریکہ اور ایران کی قیادت کو سفارتی ڈیڈ لاک کے خاتمے پر مبارکباد پیش کی اور ان تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کی۔اجلاس کے دوران اسپیکر نے قومی اسمبلی میں موجود ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا اور ایران۔امریکہ سفارتی ڈیڈ لاک کے خاتمے میں ان کے کردار کو بھی سراہا۔آخر میں اسپیکر ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔




