محرم الحرام صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے

لاہور (بیوروچیف)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں سید احسن رضوی اور حسین ترمذی کی قیادت میں عزاداروں پرمشتمل وفدنے ملاقات کی۔ملاقات میں پرامن محرم الحرام کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی اور دیگر مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے بھائی چارہ اور اتحاد کو فروغ دیا جائے۔ملک دشمن عناصر ہمارے درمیان نفاق پیداکرکے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم سب نے ملکر دشمن کی اس سازش کوناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام صبر اور برداشت کا درس دیتاہے۔محرم الحرام میں فرقہ واریت اشتعال انگیزی پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔اس موقع پر عزاداروں نے گورنر پنجاب کو سیکیورٹی اور طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے عزاداروں کے مسائل کو انتظامیہ اور متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں میں سردار علی حیدر، سردار مشتاق، علی ترمذی، سید اشفاق گیلانی، علامہ یوسف اعوان، چوہدری فخر عباس، سید علی رضوی اور شاعر اہل بیت ناصر رضا ناصر سمیت دیگر شامل تھے۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اٹک کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے جوانوں نے 5 دہشتگردوں کو جہنم رسید کر کے ان کے ملک دشمن عزائم کو ناکام بنایا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کا غیر متزلزل عزم ملک میں امن و استحکام کا ضامن ہے۔اُنہوں نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کے عزم اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں