فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ میں کم سن بچی سے نازیبا حرکات کرنیوالا موٹرسائیکل سوار اوباش ملزم بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر ٹانگ تڑوا بیٹھا’ پولیس نے مضروب کو حراست میں لیکر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ میں اوباش ملزم حسن ولد سردار کم سن بچیوں سے نازیبا حرکات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سی پی او نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا، ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی امتیاز علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزم حسن کی گرفتاری کیلئے طفیل بھٹہ کے قریب چھاپہ مارا تو ملزم پکڑے جانے کے خوف سے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے تعاقب پر ڈیرہ حیدر شاہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث بجلی کے پول سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا جسے قابو کیا تو اسکی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔




