محرم کنٹرول رومز پر موصول شکایات فوری حل کرنیکی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے فیصل آباد ڈویژن کا ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد صوبائی وزرا نے مرکزی امام بارگاہ فیصل آباد اور مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کیا۔اجلاس کے دوران کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کابینہ کمیٹی کو محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات اور فلیش پوائنٹس پر سکیورٹی مزید موثر بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا امکان ختم کیا جا سکے۔عظمی بخاری نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکا کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی، ٹھنڈے پانی اور پنکھوں سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں اور موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ عظمیٰ بخاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے باہر نصب کیو آر کوڈز کے ذریعے پینک بٹن ایپلیکیشن کے استعمال سے متعلق منتظمین کو مکمل طور پر آن بورڈ کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے روٹس پر پانی کا مسلسل چھڑکائو کیا جائے اور شرکاء کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کی موثر نگرانی کے لیے کوئیک رسپانس فورس تعینات کر دی گئی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فوری کارروائی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور یہ مقصد عوام، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مکمل نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متبادل ٹریفک روٹس کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے تمام تشہیری ذرائع استعمال کیے جائیں جبکہ ٹریفک وارڈنز ہر وقت عوام کی رہنمائی اور خدمت کے لئے موجود رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں