فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر دو مبینہ پولیس مقابلوں میں ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بچیانہ سہیل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پل جگاتر 625 گ ب کے قریب ناکہ بندی پر موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام بلال ولد اسحاق سکنہ 93 گ ب بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ نکلا جس کے خلاف مختلف تھانوں میں 5مقدمات درج ہیں جبکہ دوسرا مقابلہ تھانہ کُر کے علاقہ 598 گ ب میں ہوا جہاں پر ایس ایچ او محمد سلیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی پر مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ تاہم ایک ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جس کی شناخت عمر حیات کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




