کراچی (شوبز نیوز) دلوں کو اپنی سحر انگیز آواز سے گرما دینے والے قوال امجد صابری کو ہم سے بچھڑے آج دس برس بیت گئے لیکن ان کی یادیں اور ان کا کلام آج بھی کروڑوں دلوں میں زندہ ہے۔ذرائع کے مطابق امجد صابری نے قوالی کے فن کو نئی نسل میں ایک منفرد اور جدید رنگ کے ساتھ متعارف کروایا، انہوں نے قوالی کو صرف گایا نہیں بلکہ اسے اپنے خون جگر سے جِلا بخشی، وہ تاجدارِ حرم پکارتے تو سننے والوں کی آنکھیں نم اور دل مدینہ ہو جاتے۔بھر دو جھولی اور میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا جیسے کلام ان کی آواز میں آج بھی سماعتوں میں رس گھولتے ہیں۔22 جون 2016 کا تاریک دن پاکستان کی موسیقی اور قوالی کی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ تھا، جب رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کراچی میں انہیں ہم سے چھین لیا گیا۔ وہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایک قاتلانہ حملے میں شہید ہوئے۔




