فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھنگ بازار پولیس نے زہریلی شراب پلا کر 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا’ پکڑے جانیوالے ملزمان عامر اور طاہر نے اعتراف جرم کر لیا۔ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ حمید پارک رکشہ سٹینڈ پر زہریلی شراب پینے سے شہزاد’ ندیم کی پہلے اور محمد عثمان کی اگلے روز موت واقع ہو گئی تھی۔ تاہم تیسرے شہری عثمان کی ہلاکت پر معاملہ سامنے آیا تو پولیس حرکت میں آئی اور سب انسپکٹر مزمل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ جھنگ بازار محمد افضل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دو افراد عامر اور طاہر کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے ذاتی رنجش اور پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا۔ سی پی او تنویر حسین نے اندھے قتل کو ٹریس کرنے پر ایس ایچ او تھانہ جھنگ بازار اور اسکی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے۔




