فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم الحرام کے جلوسوں کے جامع انتظامی وحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے اوریوم عاشور تک امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔آرپی او سہیل اختر سکھیرا،بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر،سی پی او تنویر حسین،دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔کمشنر فیصل آباد نے7محرم الحرام سے یوم عاشور تک جلوسوں کے روٹس پر انتظامی وحفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی اور ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کومنتظمین اورامن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے یوم عاشور کے حفاظتی انتظامات پر بریفنگ لی اور کہا کہ لائوڈ سپیکر کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈیوٹی افسران کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرائیں،کنٹرول روم میں ذمہ دار سٹاف موجود ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی معلومات کے تبادلہ میں تاخیر نہ ہو۔آرپی او نے سکیورٹی پلان پر ذمہ دارانہ عملدرآمد جاری رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ وضع کردہ ایس اوپیز کے مطابق ڈیوٹی انجام دی جائے بریگیڈیئر نے ڈویژنل وضلعی اور پولیس کے محرم الحرام کے جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اورسول انتظامیہ کی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔




