فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ ستیانہ سید غلام عباس شاہ نے تاجر سے 40لاکھ بھتہ مانگنے اور قاتلانہ حملہ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق 39 گ ب کے تاجر محمد وقار نے بتایا کہ 10 روز قبل وہ اپنی گاڑی پر دفتر 89 گ ب محمود ٹائون فیزٹو پہنچا تو آتشیں اسلحہ سے لیس مسلح ملزمان سلمان نذیر’ وقاص پرویز وغیرہ نے اسکو گھیر لیا اور نو ملزمان نے فائرنگ کر کے گاڑی کی ونڈو سکرین توڑ دی اور اس نے گاڑی میں لیٹ کر جان بچائی اور فوری طور پر گاڑی کو بھگاتے ہوئے تھانہ ستیانہ لے آیا’ جہاں پر ریسکیو15 پر کال کر کے پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ مذکورہ تاجر کا کہنا ہے کہ وقوعہ سے ایک روز قبل مذکورہ ملزمان نے بھائی احسن الیاس کو دھمکی دیتے ہوئے 40لاکھ بھتہ کا مطالبہ کیا تو فوری طور پر رقم سلمان کے آفس پہنچا دے ورنہ قتل کر دینگے۔ تاہم ایس ایچ او ستیانہ نے ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دونوں بھتہ خور ملزمان سلمان نذیر اور وقاص کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔ سی پی او تنویر حسین نے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔




