لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے کھلاڑیوں کا فٹ اور مضبوط ہونا ضروری ہے۔پی سی بی ڈیجیٹل سے این سی اے میں جاری وائٹ بال کیمپ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس، کنڈیشننگ اور مہارتوں میں بہتری لانا ہے تاکہ انہیں مستقبل کے بڑے مقابلوں کیلئے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی دو ہفتوں کے دوران میڈیکل ٹیسٹنگ اور فٹنس سیسمنٹس پر توجہ دی گئی، جس سے کھلاڑیوں کی موجودہ جسمانی حالت کا جائزہ لینے میں مدد ملی، آئندہ ہفتے سے فٹنس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔ہیڈ کوچ نے بتایا کہ ٹیم کے پاس تقریباً تین ماہ کا وقت موجود ہے، جس کے دوران کنڈیشننگ اور فٹنس کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے، ڈاکٹر جاوید مغل نے میڈیکل سکریننگ اور کنڈیشننگ کے اعلیٰ معیار مقرر کئے ہیں، جن پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔مائیک ہیسن نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے ٹریننگ کا شیڈول سخت ضرور ہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے فٹ اور مضبوط ہونا ناگزیر ہے، ہر کھلاڑی کیلئے انفرادی کارکردگی پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت تکنیکی، ٹیکٹیکل، میڈیکل اور کنڈیشننگ کے شعبوں میں بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر کیمپ کا آغاز کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ، این سی اے سٹاف، کنڈیشننگ اور میڈیکل ٹیموں کے مشترکہ اجلاس سے ہوتا ہے۔




