ہم نے ہمیشہ جمہوری اقدار کا احترام کیا ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور(بیورو چیف)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ پارلیمانی روایات، برداشت اور جمہوری اقدار کا احترام کیا ہے،جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ہمیں چند منٹ سے زیادہ بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی جبکہ آج حکومت اپوزیشن کو مکمل تحمل کے ساتھ سن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی کرسی کا احترام ایوان کی روایت اور قواعد کا تقاضا ہے، اس لیے چیئر کے کنڈکٹ کو چیلنج کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید برائے تنقید چھوڑ کر عوامی فلاح کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پوائنٹ اسکورنگ اور مذہبی ٹچ کے ذریعے سیاست کرنے کے بجائے اگر اپوزیشن ایک بھی ڈھنگ کا عوامی کام کر لیتی تو آج اس کی بھی بات ہوتی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اللہ تعالی جس سے چاہتا ہے خیر کا کام لیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے شر کا کام لیتا ہے۔ جن لوگوں کو اللہ تعالی نے عوام کی خدمت کی توفیق دی ہے وہ خدمت کر رہے ہیں، جبکہ جنہوں نے منفی سیاست اور انتشار کا راستہ اختیار کیا ہے وہ اسی راہ پر چل رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے فیصل آباد میں محرم الحرام کے دوران خدمات انجام دینے والے وزرا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، علما کرام، امن کمیٹیوں اور تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے دن رات کام کرنے والے تمام افراد خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے۔ وزیراعلی پنجاب نے خود صوبے بھر کی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی اور تمام متعلقہ اداروں کو عوام کی خدمت اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متحرک رکھا۔عظمی بخاری نے یہ باتیں کابینہ کمیٹی برائے محرم الحرام کے تحت فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر کے دورے اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیراعلی پنجاب کے خصوصی مشیر ذیشان ملک، کمشنر مسرت جبیں، آر پی او سہیل اختر، ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر، سی پی او تنویر حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے مرکزی یومِ عاشور کے جلوس کا دورہ کیا، جلوس کے منتظمین اور شرکا سے ملاقات کی، انتظامات کا جائزہ لیا اور عزاداروں میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور میٹھا شربت تقسیم کیا۔ انہوں نے جلوس کے روٹس پر اینٹی سموگ گنز کے ذریعے پانی کے چھڑکا کے عمل کا معائنہ کیا جبکہ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے قائم میڈیکل کیمپ اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔عظمی بخاری نے بتایا کہ پولیس، ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے مکمل طور پر متحرک رہے جبکہ صفائی، ٹریفک، سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پورے ڈویژن میں حالات پرامن اور مکمل کنٹرول میں رہے۔ امن کمیٹیوں، علما کرام، جلوسوں کے منتظمین اور شہریوں نے مثالی تعاون کا مظاہرہ کیا جس پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ان سے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ انتظامیہ نے وزیراعلی کے ویژن کو مثر انداز میں عملی جامہ پہنایا۔وزیر اطلاعات نے سیف سٹی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جلوسوں اور مجالس کی کیمروں کے ذریعے کی جانے والی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری رہی جبکہ سوشل میڈیا پر ممکنہ مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر پر بھی کڑی نظر رکھی گئی۔عظمی بخاری نے کہا کہ محرم الحرام عقیدت، احترام، صبر، قربانی اور ایثار کا مہینہ ہے۔ واقع کربلا پوری امت کے لیے صبر، استقامت، قربانی اور حق پر قائم رہنے کا عظیم درس ہے۔ انہوں نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطابات کے ذریعے امن، مذہبی رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا پیغام عام کرتے رہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب عوام کے جان و مال کے تحفظ، عزاداروں کی خدمت اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے آئندہ بھی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں