ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ عوام کو جدید، معیاری اور پائیدار شہری سہولیات کی فراہمی کے مقصد کے تحت ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹیکو پارک کا دورہ کیا جہاں تاریخی ورثے کی بحالی، واکنگ ٹریک، راہداریوں پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، گزیبوز، بینچز، مصنوعی جھیل، بچوں کے کھیل کے میدان اور چاردیواری کی تعمیر سمیت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو اعلی تعمیراتی معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور خاندانوں کو ایک جدید، محفوظ اور ثقافتی طرز کا تفریحی مرکز میسر آ سکے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے صدر بازار کا دورہ کیا جہاں بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت سیوریج سسٹم کی بہتری، فائبر گلاس شیڈز، جدید اسٹریٹ لائٹس، بینچز، فواروں، ڈسٹ بنز، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور بجلی کے نظام کو زیرِ زمین منتقل کرنے کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کو جدید خطوط پر استوار کرکے شہریوں اور تاجروں کو بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے گنج شکر پارک، اکال والا روڈ پر زیرِ تعمیر جدید ارینا سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل کاشف محمود اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بریفنگ کے دوران انہیں منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ ایرینا، فٹسال کورٹ، پیڈل کورٹ اور اوپن ایئر جم جیسی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ڈپٹی کمشنر نے بلال پارک میں زیرِ تعمیر انڈر گراونڈ واٹر سٹوریج ٹینک اور ڈرینج لائن منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان نے منصوبے کی تکنیکی تفصیلات اور اربن فلڈنگ سے بچاو کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کو شفافیت، معیاری تعمیر اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسئلے کا موثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری یہ تمام منصوبے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید، محفوظ اور پائیدار انفراسٹرکچر کی فراہمی کی جانب اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام کو معیاری شہری سہولیات کی فراہمی، خوبصورت ماحول اور جدید تفریحی و کھیلوں کی سہولیات مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں