بھارت عالمی قانون شکن ملک بن چکا ہے’ حنا ربانی کھر

اسلام آباد (بیوروچیف) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارتی رویہ پاکستان ہی نہیں پورے بین الاقوامی نظام کیلئے خطرناک مثال ہے،اگر بھارتی رویے کا نوٹس نہ لیا گیا تو دوسرے ہمسائے بھی متاثر ہوں گے۔ سندھ طاس معاہدے پر سیمینار سے خطاب میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ اگر بھارتی رویے کا نوٹس نہ لیا گیا تو آج پاکستان کل دوسرے ہمسائے بھی متاثر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ پوریبین الاقوامی نظام کے لیے خطرناک مثال ہے، مستقل ثالثی عدالت واضح کرچکی بھارت کو سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل یا ختم کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی نظام میں اصول وضع کرنے والا ملک اور یواین سلامتی کونسل کی مستقل نشست حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے، خود کو عالمی قوانین کا محافظ کہلوانے کی خواہش والا ملک آج عالمی قانون شکن بن چکا ہے۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ کوئی ملک کس طرح کھلے عام ایک پوری تہذیب کو مٹانے کے عزائم کا اظہار کرسکتا ہے، سندھ طاس معاہدے میں واضح ہے معاہدے کی شقوں میں تبدیلی دونوں ممالک کی رضامندی سے ہی ممکن ہے۔اْنہوںنے کہاکہ یکطرفہ معاہدے کو معطل یا ختم کرنا بین الاقوامی قانون کے مطابق ممکن نہیں، عالمی برادری میں باوقار مقام کا خواہاں ملک کبھی بھی عالمی معاہدوں سے یکطرفہ دستبردار نہیں ہوسکتا۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج بھارت کو سندھ طاس معاہدیکی خلاف ورزی کی اجازت دی گئی تو کل یہی طرزِ عمل کسی اور ملک کے خلاف بھی اپنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کو تنازع نہیں بلکہ تعاون کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے، بطور وزیر خارجہ ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کی، افسوس کہ بھارت کا رویہ ہمیشہ رکاوٹ بنتا رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں