محرم الحرام میں امن کیلئے متحرک کردار’علماء کرام ،پولیس افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی زیر صدارت پولیس لائنز میں اجلاس، محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر علماء کرام اور پولیس افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم۔ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی زیر صدارت پولیس لائنز فیصل آباد میں پولیس افسران و ملازمان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید، جملہ ٹائون ایس پیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع فیصل آباد کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے پرامن انعقاد میں علماء کرام، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مثالی تعاون کو سراہا گیا۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین نے امن، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے علماء کرام اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ علماء کرام، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے محرم الحرام پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا، جو اتحاد و یگانگت کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کی فضا برقرار رکھنے میں علماء کرام کا کردار قابلِ تحسین ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ان کا تعاون ہمیشہ حوصلہ افزا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علماء کرام کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔سی پی او تنویر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ علماء کرام نے امن و استحکام کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں مثالی کردار ادا کیا، جس کی بدولت محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال مثالی رہی۔ انہوں نے علماء کرام کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے پولیس افسران و ملازمان کی فرض شناسی، نظم و ضبط اور بہترین ڈیوٹی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون مزید موثر اور تیز کیا جائے، کیونکہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے جرائم پیشہ گینگز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں