قانون شکنوں کیخلاف کارروائی ریاست کی ذمہ داری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب یوتھ کے پولیٹیکل چوہدری میمون حسین نے پنجاب کنٹرول آف ہیبیچو ئل آفینڈرز اینڈ اینٹی سوشل بیہیویئر بل 2026پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرا ئم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے نام پر ایسے قوانین متعار ف نہیں کروائے جانے چاہئیں جن سے شہری آزادیوں، بنیادی حقو ق اور جمہوری اقدار متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو۔پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ جرائم، قبضہ مافیا، بھتہ خوری، منظم جرائم اور قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پیپلز پارٹی ہر اس اقدام کی حمایت کرتی ہے جو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے۔ تاہم کسی بھی قانون میں ایسے غیر معمولی اختیارات شامل نہیں ہونے چاہئیں جن کے غلط استعمال کا امکان موجود ہو یا جن سے شہریوں کے آئینی اور قانونی حقوق متاثر ہوں۔ چوہدری میمون حسین نے مزید کہا کہ پنجاب کسی خاندان یا سیاسی جماعت کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ کروڑوں عوام کا صوبہ ہے۔ جمہوری نظام میں حکومت عوام کی خادم اور جوابدہ ہوتی ہے، جبکہ ہر شہری کو آئین کے تحت آزادی، انصاف اور منصفانہ قانونی عمل کا حق حاصل ہے۔انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پنجاب کے نوجوان بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان مسائل کے حل کے بجائے متنازع قوانین متعارف کروانے میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں