فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظا میہ نے مون سون سیزن کے پیش نظر ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام کے لئے جامع پلان وضع کرلیا جسکے تحت ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کا صفایا کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سارہ زینب کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدا د ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اورمون سون کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے فیلڈ سرگرمیاں موثراور نتیجہ خیز بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسدادی کارروائیاں فرضی نہیں ہونی چاہیں۔ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی اور بروقت سرویلنس کو یقینی بنایا جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ان ڈور اور آٹ ڈور سرگرمیاں یقینی بنائیں،غفلت یا ناقص کارکردگی پر متعلقین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام ادارے مربوط انداز میں ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ آئندہ سیزن میں ڈینگی لاروا کی افزائش روکی جاسکے۔




