ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر پری فلڈ موک ایکسر سائز

جڑانوالہ(نامہ نگار) ممکنہ سیلابی صورتحال سے موثر اور بروقت نمٹنے کی تیاریوں کے سلسلے میں ریسکیو 1122جڑانوالہ نے گوگیرہ برانچ نہر کے مقام پر بڑے پیمانے پر پری فلڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا۔یہ عملی مشقیں سیکریٹری ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر(ستارہ امتیاز) کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی زیرِ نگرانی منعقد کی گئیں۔مشقوں میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ،ریسکیو 1122، سول ڈیفنس،محکمہ صحت،لائیو سٹاک،ریسکیو رضا کاروں اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔اس موقع پر تحصیل انچارج ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد شاہد نے ممکنہ سیلابی آپریشن،دستیاب وسائل ریسکیو آلات اور ایمرجنسی ریسپانس کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ نے مشقوں کا معائنہ کیا اور تمام اداروں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اداروں کے درمیان موثر رابطہ،بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے بتایا کہ ان عملی مشقوں کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانا دستیاب وسائل اور آپریشنل استعداد کا جائزہ لینا بروقت ریسپانس کو بہتر بنانا اور ہنگامی حالات میں موثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کا زیادہ سے زیادہ تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔فرضی مشقوں کے دوران ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے زخمیوں کو موقع پر فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور انہیں بروقت ہسپتال منتقل کرنے کا کامیاب عملی مظاہرہ پیش کیا۔ ریسکیو کے تربیت یافتہ تیراکوں اور غوطہ خوروں نے ڈوبنے والے افراد کو محفوظ طریقے سے نکالنے اور واٹر ریسکیو کی پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھی عملی مظاہرہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں