لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مسٹری اسپنر ابرار احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو نکھارنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کیمپ کے ماحول، نئے فٹنس معیارات اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے ابتدائی فٹنس ٹیسٹوں میں تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون بولر بننے سے زیادہ دور نہیں۔ابرار احمد نے کہا کہ اس بار کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ قومی ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ کے طریقہ کار کو تبدیل کرتے ہوئے ٹیسٹوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ جم سیشنز میں بھی 12 سے 13 نئے ٹیسٹ شامل کیے گئے ہیں۔اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی فٹنس ٹیسٹوں میں، میں اپنے 8 سے 9 کھلاڑیوں کے گروپ میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہا۔ زیادہ تر لڑکوں کے فٹنس ٹیسٹ بہت اچھے رہے ہیں اور جب دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے تو کھلاڑیوں کے درمیان ایک بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر جسمانی لحاظ سے بہترین کنڈیشن میں محسوس کر رہے ہیں کیونکہ جتنا زیادہ وقت گرائونڈ میں گزرے گا، اسکلز اور فٹنس اتنی ہی بہتر ہوگی۔مستقبل کے عزائم پر بات کرتے ہوئے ابرار احمد نے بولڈ اہداف کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے زیادہ دور نہیں ہیں اور پوری کوشش ہے کہ وہ محدود اوورز کے دونوں فارمیٹس میں دنیا کے نمبر ون بولر بنیں۔




