لاہور (شوبز نیوز) سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے پاکستانی معاشرے، شہری منصوبہ بندی، ٹریفک کلچر اور طرز زندگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گاڑیوں پر حد سے زیادہ انحصار، ناقص شہری منصوبہ بندی اور کمزور شہری ثقافت نے عام شہریوں، خصوصا پیدل چلنے والوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ایک انٹرویو میں روبینہ اشرف نے کراچی اور لاہور کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی خوبصورتی اور شہری ترقی قابل تعریف ہے جبکہ کراچی میں پیدل چلنے والوں کے لیے حالات انتہائی نامساعد ہیں۔روبینہ اشرف کے مطابق اب مختصر فاصلے پیدل طے کرنا بھی تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چند قدم کے فاصلے پر کسی دکان تک جانا ہو تو بھی یہ سوچنا پڑتا ہے کہ بیگ ساتھ لے کر جانا محفوظ ہوگا یا نہیں کیونکہ چھینے جانے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے ایسا ماحول میسر نہیں۔روبینہ اشرف نے کراچی کی شہری منصوبہ بندی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر میں پیدل چلنے والوں کے لیے مناسب فٹ پاتھ تقریبا ناپید ہیں۔ ان کے مطابق پوش علاقوں میں بھی جہاں فٹ پاتھ بنائے گئے ہیں وہاں سڑکیں اتنی تنگ ہیں اور ان پر گاڑیوں کی پارکنگ کے نتیجے میں بھی پیدل چلنے والوں کے لیے جگہ باقی نہیں رہتی۔روبینہ اشرف نے کہا کہ پاکستان ایک زہریلے کار کلچر کا شکار ہو چکا ہے ۔




