شدید گرمی صرف انسانوں کیلئے نہیں بلکہ جانوروں کیلئے بھی تکلیف دہ ہے’ جگن کاظم

لاہور (شوبز نیوز) معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان جگن کاظم نے ملک میں جاری شدید گرمی کے پیش نظر عوام سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے پالتو بلکہ آوارہ جانوروں کا بھی خاص خیال رکھیں اور انہیں پانی، سایہ اور آرام کی مناسب جگہ فراہم کریں۔انہوں نے یاد دلایا کہ یہ شدید گرمی صرف انسانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ بے زبان جانوروں کے لیے بھی انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے۔جگن کاظم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ شدید گرمی سے لوٹنے والے اپنے پالتو کتے کو گیلے کپڑے کی مدد سے ٹھنڈک پہنچاتی نظر آئیں۔ اس موقع پر انہوں نے جانوروں کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام کے نام ایک خصوصی پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ جیسے آپ اپنی دیکھ بھال کرتے ہیں، پانی پیتے ہیں اور سایہ دار جگہ پر بیٹھتے ہیں، اسی طرح ان جانوروں کا بھی خیال رکھیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ ذمہ داری صرف گھروں میں موجود پالتو جانوروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ سڑکوں پر گھومنے والے آوارہ جانور بھی توجہ کے مستحق ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور دکانوں کے باہر پانی سے بھرا ایک برتن لازمی رکھیں تاکہ پیاسے جانور اپنی پیاس بجھا سکیں۔جگن کاظم نے مزید کہا کہ آوارہ جانوروں کو گاڑیوں کے شیڈ، درختوں کے نیچے یا عمارتوں کے سائے میں آرام کرنے دیں اور انہیں وہاں سے نہ بھگائیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے پالتو جانوروں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ شدید گرمی کے دوران اپنے جانوروں کو ہوادار یا ایئرکنڈیشنڈ جگہوں پر رکھیں۔اپنی اس مہم کو محبت بھری ایک چھوٹی سی گزارش قرار دیتے ہوئے انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ یہ گرمی ہم سب کے لیے مشکل ہے۔ ذرا تصور کریں ان جانوروں پر کیا گزرتی ہوگی جن کے پاس نہ پنکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں