برازیلیا (سپورٹس نیوز) برازیل کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد اسٹار کھلاڑی نیمار نے روتے ہوئے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، اور اس طرح ان کا بین الاقوامی کیریئر وہیں ختم ہوا جہاں سے شروع ہوا تھا۔برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ انھوں نے یہ اعلان اس وقت کیا جب رائونڈ آف 16 میں ناروے کے ہاتھوں 2-1 کی شکست کے بعد برازیل ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔میچ کے بعد نیمار نے کہا میں نے پوری کوشش کی۔ میرا سفر یہیں، میٹ لائف اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا، اور یہیں ختم بھی ہو گیا۔ اب سب کچھ ختم ہو چکا ہے۔34 سالہ نیمار نے برازیل کے لیے اپنا پہلا میچ 10 اگست 2010 کو نیو جرسی کے شہر ایسٹ ردرفورڈ میں واقع میٹ لائف اسٹیڈیم میں امریکا کے خلاف ایک دوستانہ مقابلے میں کھیلا تھا۔نیمار برازیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، اور دل چسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے اپنے ملک کے لیے اپنا پہلا گول عالمی فٹبال لیجنڈ پیلے سے بھی کم عمر میں کیا تھا۔ناروے کے خلاف میچ میں نیمار نے متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آنے کے بعد آخری لمحات میں پنالٹی پر برازیل کا واحد گول کیا۔ تاہم، آخری سیٹی بجتے ہی وہ آبدیدہ ہو گئے اور ساتھی کھلاڑیوں نے انھیں دلاسہ دیا۔دائیں پنڈلی کی مسلسل تکلیف کے باعث نیمار اس ورلڈ کپ میں برازیل کے 5 میں سے صرف 2 میچ کھیل سکے۔ اس کے علاوہ وہ گروپ مرحلے میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی صرف 15 منٹ میدان میں رہے تھے۔ایک دہائی سے زائد عرصے تک برازیل کے نمایاں ترین کھلاڑی رہنے والے نیمار حالیہ برسوں میں مسلسل انجریوں کا شکار رہے۔




