لاہور (سپورٹس نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، جس میں فاتح آسٹریلیا کی چار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا بھی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ آسٹریلیا کی کپتان سوفی مولینو کو ٹورنامنٹ میں شاندار قیادت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ساتواں عالمی ٹائٹل دلانے پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی قیادت بھی سونپی گئی، جبکہ وکٹ کیپر بیتھ مونی کو بھی ٹیم میں جگہ ملی۔انگلینڈ کے دو جبکہ دیگر چھ ممالک کے کھلاڑی بھی اس اعزازی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے منتخب کردہ ٹیم میں انگلینڈ کی اوپنر ڈینی وائٹ ہاج نے سات میچز میں 302 رنز بنا کر ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔بیتھ مونی نے سیمی فائنل اور فائنل میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے فائنل میں 64 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی اور دوسری بار پلیئر آف دی فائنل اور آرامکو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔انگلینڈ کی نیٹ سیور برنٹ کو تیسرے نمبر پر شامل کیا گیا، جنہوں نے صرف چار میچز میں مسلسل چار بار 40 سے زائد رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی ایلیس پیری نے گروپ مرحلے میں لگاتار دو نصف سنچریاں اسکور کیں اور پاکستان کے خلاف 71 رنز بنانے کے ساتھ دو وکٹیں بھی حاصل کیں، جبکہ انہیں ٹورنامنٹ میں تین بار پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔آئرلینڈ کی آل رائونڈر اورلا پرینڈرگاسٹ نے اپنی ٹیم کو ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔




