نشو نے والدین کو جائیداد بچوں کے نام نہ کرنے کا مشورہ کیوں دیا؟

لاہور (شوبز نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نشو نے بزرگ والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اپنی تمام جائیداد بچوں کے نام منتقل کرنے سے گریز کریں کیونکہ مالی خودمختاری بڑھاپے میں عزت اور تحفظ کا ذریعہ بنتی ہے۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نشو نے کہا کہ بڑھاپے میں انسان کو سب سے زیادہ اپنی صحت اور اپنے مالی وسائل کا خیال رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر بزرگ اپنی زندگی میں اپنی تمام جائیداد بچوں کے نام کر دیں تو بعض اوقات ان کی اہمیت اور عزت متاثر ہو سکتی ہے۔نشو نے کہا کہ میں سب سے ایک بات ضرور کہنا چاہتی ہوں، چاہے اس کے بعد لوگ میرے بارے میں کچھ بھی کہیں۔ بڑھاپے میں ہمیشہ اپنی صحت اور اپنی دولت کا خیال رکھیں ورنہ آپ کی قدر ختم ہو جاتی ہے۔ ہر کوئی ایسا نہیں ہوتا لیکن کچھ لوگ ضرور ایسے ہوتے ہیں۔ وہ آپ کو وقت سے پہلے ہی ختم کر دیتے ہیں آپ کو جیتے جی کھا جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی جائیداد کبھی بھی اپنی زندگی میں بچوں کے نام نہ کریں۔ میں یہ بات بالکل واضح انداز میں کہہ رہی ہوں زندگی میں کبھی بھی ایسا نہ کریں۔ آپ کے انتقال کے بعد ویسے بھی آپ کی جائیداد ان تک پہنچ جائے گی لیکن اگر آپ اپنی زندگی میں سب کچھ ان کے حوالے کر دیں گے تو پھر آپ کی حیثیت ان کی نظر میں ختم ہو جائے گی۔ممکن ہے وہ آپ کو گھر سے نہ نکالیں لیکن آپ کی وہ عزت اور اہمیت باقی نہیں رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں