ویمن یونیورسٹی کو جدت اور تحقیق کا مرکز بنا رہے ہیں،ڈاکٹر کنول امین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معروف صنعتکار سہیل خٹک، سی ای او لائل پور گیلیریا فیصل آباد، ڈاکٹر خرم طارق، سی ای او KEY & EMMs پرائیویٹ لمیٹڈ و سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اور انٹرلوپ سے مسز فرزانہ مصدق نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) کے ہمراہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام ڈگری شو 2026 کا افتتاح کیا۔نمائش میں گرافک ڈیزائن پروگرام کی 36 طالبات کے فائنل ایئر پراجیکٹس پیش کیے گئے۔ مہمانوں نے برانڈنگ، کاروباری تصورات، ڈیجیٹل مہمات، بصری ابلاغ اور اسمارٹ فون گیم ڈیزائن سمیت سماجی، معاشی اور ماحولیاتی مسائل پر مبنی تخلیقی کام کو بے حد سراہا۔سہیل خٹک نے طالبات کے کاروباری رجحان اور مارکیٹ سے ہم آہنگ آئیڈیاز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں نوجوان تخلیقی صلاحیتوں کو صنعت سے جوڑنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے طالبات کے کام میں سماجی مسائل کے حوالے سے حساسیت اور جدت کو خصوصی طور پر سراہا اور منتخب طالبات کو آئندہ چند روز میں ہونے والی ایکسپو میں اپنا کام پیش کرنے کے لیے تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ مسز فرزانہ مصدق نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، اعتماد بڑھانے اور عملی دنیا کے لیے تیار ہونے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے ڈاکٹر طوبی نجم کی قیادت اور مس زین منظور کی نگرانی میں شعب آرٹ اینڈ ڈیزائن کی ٹیم ورک کو سراہا۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط جامعاتی و صنعتی روابط طالبات کے تخلیقی آئیڈیاز کو پیشہ ورانہ اور کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں اورک (ORIC) اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز)کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت ڈاکٹر خرم طارق، سی ای او کے اینڈ اے ای ایم ایس پرائیویٹ لمیٹڈ و سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اور فرزانہ مصدق، ڈائریکٹر انٹرلوپ نے کی۔ اجلاس میں محمد اظہر چوہدری، سی ای او الائیڈ ٹریڈرز، ڈاکٹر محمد اسامہ (فاسٹ یونیورسٹی) سمیت یونیورسٹی کے اندرونی اراکین نے بھی شرکت کی۔ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر سعدیہ عاصم نے کمیٹی کو اورک کی کارکردگی، پیش رفت اور اجلاس کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران تحقیق کو آمدن اور عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے اہم کارکردگی اشاریوں (KPIs) کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔ اس موقع پر انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس اینڈ کمرشلائزیشن پالیسی 2026 بھی اراکین کی قیمتی آرا اور تجاویز کے لیے پیش کی گئی۔اجلاس میں شریک صنعتی نمائندوں نے تحقیقی منصوبوں، پیشہ ورانہ تربیت اور طالبات و محققین کو عملی صنعتی تجربات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایک اہم پیش رفت کے طور پر ڈاکٹر خرم طارق نے منتخب طالبات کے لیے صنعت کے مالی تعاون سے اسٹارٹ اپ گرانٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس کی فرزانہ مصدق اور محمد اظہر چوہدری نے بھرپور حمایت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحقیق کو معاشی ترقی، جدت اور قومی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے جامعہ اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کو جدت، تحقیق اور کمرشلائزیشن کا موثر مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی تحقیق، کمرشلائزیشن اور آٹ ریچ سرگرمیوں کے لیے فنڈز کی منظوری دے چکی ہے۔اجلاس تحقیق، جدت، کمرشلائزیشن اور جامعہ و صنعت کے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم اور آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاقِ رائے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں