ممبئی (شوبز نیوز)بالی ووڈ ڈمپل کوئن، اداکارہ پریتی زنٹا کو ڈیپ فیک کیس میں ممبئی ہائی کورٹ سے عبوری ریلیف مل گیا۔ممبئی ہائی کورٹ نے اداکارہ پریتی زنٹا کو ان کے خلاف مصنوعی ذہانت (اے آئی)کے ذریعے تیار کیے گئے ڈیپ فیک مواد، تبدیل شدہ تصاویر، جعلی ویڈیوز اور ان کی شناخت کا غیر مجاز استعمال کرتے ہوئے آن لائن شیئر کیے گئے دیگر مواد کے معاملے میں عبوری تحفظ فراہم کیا ہے۔کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی مواد تیار کرنا کسی بھی فرد کے شخصی حقوق، تشہیری حقوق اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی کا سبب بن سکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ کسی معروف شخصیت کی تصویر، شناخت یا مشابہت کا غیر مجاز استعمال ناصرف اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ذمے داری پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ثالثی پلیٹ فارمز پر لازم ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے مثر اقدامات کریں۔




