کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ و میزبان مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کر دیا۔مشی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر شامل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فلموں، ڈراموں، اسٹیج شوز اور سوشل میڈیا کے نام پر بے حیائی میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے، یہاں تک کہ بھارتی فلمیں اور گانے بھی بہت زیادہ غیر مناسب ہو چکے ہیں، میں اس بڑھتی ہوئی بے حیائی پر حیران ہوں اور یہ صرف بھارت تک محدود نہیں، ہمارے ڈرامے بھی اسی سمت جا رہے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ ہمارے ڈراموں میں گلے ملنے کے مناظر کو عام کرنا شروع کر دیا ہے اور جلد ہی ممکن ہے کہ بیڈروم سینز اور بوس و کنار جیسے مناظر بھی دکھائے جانے لگے لیکن کوئی اس پر بات نہیں کر رہا۔




