ہیٹ ویو سے بچائو کیلئے واسا ایجنسیاں متحرک

لاہور( بیورو چیف)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شدید ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پنجاب بھر کی واسا ایجنسیوں نے خصوصی ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع، خصوصاً راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور دیگر متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو جراثیم سے پاک صاف اور ٹھنڈا پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے تمام واسا ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران صاف پانی کی فراہمی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر ریلیف کیمپس کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے، پانی کی فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے اور دور دراز علاقوں میں واٹر باؤزرز اور ٹینکروں کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی بھی علاقہ اس سہولت سے محروم نہ رہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ پانی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کو صرف جراثیم سے پاک، محفوظ اور معیاری پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ حفاظتی ایس او پیز پر عمل کریں۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں