لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نگرانی اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لاہور کے زیر اہتمام پانچ روزہ ڈی لائسنس فٹبال کوچنگ کورس کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ کورس کی اختتامی تقریب فیفا فٹبال ہائوس لاہور میں منعقد ہوئی، جبکہ تربیتی سیشنز ریڈرز فٹبال گرائونڈ میں منعقد کیے گئے۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر حافظ ذکا اللہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد کھوکھر تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لاہور کے صدر ضیا عارف ڈوگر، سیکرٹری عبدالندیم ، آرگنائزنگ ہیڈ چوہدری اظہر محمود، آرگنائزر محمد طاہر، کورس انسٹرکٹرز اختر محی الدین اور محمد حبیب، کوآرڈینیٹر بلال خان سمیت فٹبال سے وابستہ شخصیات شریک ہوئیں۔ملک بھر سے 36کوچز نے کورس میں شرکت کی، جہاں انہیں جدید فٹبال کوچنگ کے ٹیکنیکل، ٹیکٹیکل اور عملی پہلوں پر تربیت فراہم کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف اے لاہور کے صدر ضیا عارف ڈوگر نے کہا کہ بارہ سال بعد لاہور میں ڈی لائسنس کوچنگ کورس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور تربیت یافتہ کوچز ہی نچلی سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری اور پاکستان میں فٹبال کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایف اے لاہور آئندہ بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تعاون سے ایسے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔




