اوسلو(سپورٹس نیوز) فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں اضافی وقت میں 1-2 کی شکست کے باوجود ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کا دارالحکومت اوسلو پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا’ تقریبا ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ٹیم کو ہیروز کا درجہ دیتے ہوئے تاریخی جشن منایا۔رائل پیلس کے باہر صبح ہی سے ہزاروں افراد جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جبکہ ٹیم کی آمد پر روایتی واٹر کینن سلامی بھی دی گئی۔کھلاڑیوں نے پہلے شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی جس کے بعد وہ عوام سے ملنے کیلئے محل کی سیڑھیوں پر آئے، اس موقع پر مداحوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ تقریب کے آخری مرحلے میں شریک نہ ہو سکے کیونکہ پرواز میں تاخیر کے باعث انہیں جلد روانہ ہونا پڑا۔کوچ اسٹالے سولباکن نے بتایا کہ ہالینڈ اور سینڈر برگے کو اپنی فلائٹ پکڑنے کیلئے تقریب ادھوری چھوڑنی پڑی۔




